Add To collaction

18-Jan-2023 لیکھنی کی کہانی - صنف نازک کا اعلیٰ مقام ماں

بسم اللہ الرحمن الرحیم

صنف نازک کا اعلیٰ مقام ماں 
سمیہ عامر خان 

ماں ایک ایسی ہستی ہے جو  اپنے بچے کی پیدائش کا سنتے ہی اپنی  پوری زندگی کی ہر خوشی، ہر تمنا اور خواہشات سے محض اولاد کے لیے کنارہ کشی کرلیتی ہے۔اس دنیا میں ماں  ایک ایسی ہستی  ہے جو اپنے بچے کی پرورش میں اپنا سب کچھ اپنے بچے کے نام کردیتی ہے۔ جب پہلی بار ایک عورت ماں بنتی ہے تو ایک تو وہ اپنی حالت سے بہت زیادہ پریشان ہوتی ہے کیونکہ حمل میں طبیعت بالکل مختلف ہوجاتی ہے، کھایا پیا نہیں جاتا، نیند پوری نہیں ہوتی۔ عورت چاہے ڈاکٹر ہو ماسٹرز کی ڈگری ہولڈر لیکن جب وہ ماں کی ڈگری سے سرفراز ہوتی ہے تو اپنی ساری زندگی بچوں کے نام کردیتی ہے۔  بچے کی پیدائش ہوتے ہی ایک عورت چاہے وہ خاتون خانہ ہو یا ملازمت پیشہ، چاہے تعلیم یافتہ ہو یا غیر تعلیم یافتہ جب ماں بنتی ہے تو اس کی پروفائل اس کی پہچان صرف ایک "ماں" کی ہوتی ہے۔ 
ماں اپنے بچوں کے مستقبل‌ کی معمار ہوتی ہے۔ بچے کی دیکھ بھال اور تربیت کرنا جوئے شیر لانے کے برابر ہے۔ کوئی زبان ماں کی طاقت، محبت و شفقت ، بہادری اور ماں کی عظمت کا اظہار نہیں کر سکتی۔ ماں ہونے کے ناطے عورت کی اہمیت سے کوئی بھی انکار نہیں کر سکتا، جو تمام دکھ سہتی ہے اور ایک بچے کو جنم دیتی ہے اور مادریت کی دنیا میں داخل ہوتی ہے۔ 
شادی کے بعد ماں بننا عورت کی سب سے بڑی خواہش ہوتی ہے ایک عورت کی زندگی میں جب یہ لمحہ آتا ہے تب  اسے احساس ہوتا  ہے کہ  اس کی شخصیت اب مکمل ہوگئ ہے۔حمل ایک عورت کی زندگی میں خوشیوں کا پیکیج ہوتا ہے کیونکہ اولاد کی صورت نسل پروان چڑھتی ہے۔ خاندان کو وارث اور والدین کو بڑھاپے کا سہارا نصیب ہوتا ہے۔ ساتھ ہی سسرال میں عزت و بلند مرتبہ عطا ہوتا ہے۔
ماں بننا یہ اللہ کی طرف سے عطا کردہ عظیم انعام ہے۔ایک بے مثال احساس ہے۔  ایک ماں اپنے بچے کے ساتھ سب سے خوبصورت اور مضبوط رشتہ شیئر کرتی ہے۔  خوشیوں کا یہ پیکیج  ایک عورت کی زندگی میں بہت ساری ذمہ داریوں کے ساتھ دستک دیتا ہے۔ جس میں وہ 9 مہینے مختلف تکالیف سہہ کر نئ زندگی کو جنم دیتی ہے۔ جب ایک بچہ پیدا ہوتا ہے تب ایک ماں پیدا ہوتی ہے۔ ماں بننا دنیا کا سب سے خوبصورت جذبہ ہے۔ ماں بننا مطلب اپنے بچے کے لیے صحت ، وقت ، آرام و آسائش ، زیب و زینت  اور کھانے پینے کی قربانی دینا  گویا اپنے بچے کے لیے سب کچھ قربان کر دینا۔ عورت کا ماں بننا زندگی میں ایک نئ تبدیلی کا آغاز ہوتا ہے۔ ایسی تبدیلی جو قربانیوں کے ساتھ ساتھ ذمہ داری سے بھری ہوتی ہے۔ بچے کی پیدائش ‌سے  حمل ٹھہرنے کا دور ہو یا بچے کی پیدائش کے بعد کا دور ان ادوار میں عورت یا تو نکھرتی ہے یا بکھرتی ہے۔  

حمل کے دوران ہارمونز کی تبدیلیاں عورت کے جذبات اور کیفیت پر اثر انداز ہوتی ہے۔ جہاں وہ ان تبدیلیوں کی بدولت ذہنی تناؤ کا شکار ہوتی ہے تو وہی جسم کی قوت مدافعت کم ہوجاتی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ ماں اپنے بچے کے بارے میں جو کچھ سوچتی ہے، اس کا اثر  بچہ کی شخصیت پر پڑتا ہے۔  جس طرح حمل کے دوران اچھی صحت اور  صحت بخش غذا کی  ضرورت ہوتی ہے وہی بچے کی صحت مند پرورش کے لئے ماں کو ذہنی اور نفسیاتی صحت پر بھی زیادہ توجہ دینا ضروری ہے۔ کیونکہ منفی سوچ کی بدولت بعض دفعہ بچے کی ذہنی  نشوونما نہیں ہو پاتی۔ اس لئے حامل عورت کو چاہیے کہ وہ مثبت سوچ اور پاکیزہ خیالات میں مصروف رہے۔جیسے ہی ماں کے جسم میں ایک نئے انسانی وجود کی بنیاد پڑتی ہے تو اس کی جسمانی توانائی کا بڑا حصہ ننھے سے بچے کے وجود کی پرورش کے لئے مختص ہوجاتا ہے۔ ایک ماں جہاں بچے کی آمد پر خوش ہوتی ہے وہی بہت سے نفسیاتی مسائل کے ساتھ ساتھ بچے کی پرورش اور نگہداشت،  بچے کی زندگی سنوارنا اس کی ساری ضرورتوں کا خیال رکھنا جیسی اہم اور ضروری ذمہ داریوں میں کسی بھی قسم کی کوتاہی سے ڈرتی ہے۔ ایک ماں کو چاہیے کہ وہ  اللہ کا شکر ادا کرتے رہے اور بچے کی صحت، مستقبل کے لئے اچھے خوابوں اور امیدوں میں کمر بستہ رہے اور اچھے اخلاق کے لئے اللہ سے دعا کرتے رہے کہ اے میرے رب ! اپنی قدرت سے مجھے نیک اولاد عطا کر تو ہی دعا سننے والا ہے۔ اے ہمارے رب! ہمیں اپنی بیویوں اور اپنی اولاد سے آنکھوں کی ٹھنڈک دے اور ہم کو پرہیز گاروں کا امام بنا۔ رب کے شکر کے ساتھ ان دعاؤں کا ورد کرتے رہے۔ ساتھ ہی انبیاء اور صحابہ اکرام اور  نیک لوگوں کی زندگی و سیرت کا مطالعہ کرے۔ اس کے علاوہ شوہر اور گھر کے دیگر لوگوں کی ذمہ داری ہے کہ اس کا خیال رکھیں، اس معاملہ میں حاملہ عورت کی ہر ممکن مدد کرے اور نفسیاتی سپورٹ فراہم کرے۔  ماں بننا ایک ایسی کیفیت ہے جسے محسوس کرنا آسان ہے لیکن اس احساس کو صرف  "ماں" ہی سمجھ سکتی ہے۔

   19
2 Comments

Muskan Malik

19-Jan-2023 12:06 AM

بہت عمدہ

Reply

Simran Bhagat

18-Jan-2023 11:44 PM

ماشاءاللہ آپ نے بہت اچھا لکھا ہے 👌👌👌

Reply